لاہور۔(اے پی پی)لاہور پولیس کی جانب سے شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفا ق خان نے شہید کانسٹیبل عبدالرشید کی31ویں برسی کے موقع پر کہا کہ ہم1988؁ء میں آج ہی کے دن شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید کی قربانی کو نہیں بھولے۔ پولیس فورس کا ہر افسر و جوان شہید کی بہادری اور لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتاہے۔ اشفاق خان نے کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس جوان ہمارا فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں شہادت پانے والے جانثاروں سے بھری ہے۔شہداء پولیس کے ورثاء کی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری اور ان کی دیکھ بھال اولین ترجیح ہے۔یاد رہے کہ عبدالرشید وقت شہادت تھانہ نواں کوٹ لاہورمیں تعینات تھے۔ 11اکتوبر1988؁ء کو رات کے وقت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ساتھیوں کے ہمراہ گشت پرکر رہے تھے کہ جرائم پیشہ افراد دکاندار کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس پارٹی کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرنا شروع کر دی۔فائرنگ کے نتیجہ میں عبدالرشید موقع پر شہید ہو گئے۔ شہید عبدالرشید کو ضلع وہاڑی میں ان کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کیا گیا۔

Shares: