راولپنڈی ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے ترجمان نے کہاہے کہ چین لہسن کی پیداوار اور رقبے کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے اور اس کی اوسط پیداوار 7.8 ٹن فی ایکڑ ہے جبکہ پاکستان میں لہسن کی اوسط پیداوار 3 ٹن فی ایکڑ ہے۔ لہسن پاکستان کے تمام صوبوں میں کاشت کیا جاتا ہے۔ زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ اکتوبر کا مہینہ لہسن کی کاشت کے لئے موزوں ہے۔ لہسن کو اگاؤ کے لئے کم از کم 10 تا 15 اوسطاً 22 تا 28 اور زیادہ سے زیادہ 30 تا 35 درجے سینٹی گریڈ کی ضرورت ہوتی ہے۔ درمیانے اور موٹے سائز کی پوتھیوں کو بطور بیج استعما ل کیا جائے۔ 160 کلو گرام صحت مند پوتھیاں فی ایکڑ درکار ہوتی ہیں۔ پوتھیوں کو ہموار زمین پر لائنوں میں کاشت کیا جائے۔ پودوں کا درمیانی فاصلہ 10 سینٹی میٹر اور لائنوں کا درمیانی فاصلہ 20 سینٹی میٹر رکھا جاتا ہے۔ لہسن کی فصل کو خشک زمین میں کاشت کیا جائے اور کاشت کے فوری بعد پانی لگایا جائے۔

لہسن کی کن پوتھیوں کو بطور بیج استعما ل کیا جائے،زرعی ترجمان نے بتا دیا
Shares: