ماحولیاتی آلودگی اور شاپر بیگ کے خاتمہ کے لیے سول سوسائٹی بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ میدان میں آگئی،ابتدائی مرحلہ میں سول سوسائٹی نے ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر کے ساتھ مل کر 8ہزار ماحول دوست بیگز کی مفت تقسیم کا آغازکر دیا۔
ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ نے تین ماہ قبل شاپر بیگ کے خاتمہ اور شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے شاپر بیگز کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا اس دوران شہریوں میں مفت کپڑے کے بیگز (دوبارہ قابل استعمال)تقسیم کیے گئے تا کہ شہری شاپر بیگ کا استعمال ترک کر کے اس کے متبادل(کپڑے کے بیگ،برتن)استعمال کریں۔تقریباً دوماہ کی آگاہی مہم کے بعد شاپر بیگ کے خلاف پابندی عائد کر کے دوکانداروں کے خلاف کاروائی کاآغاز کیا گیا جسے شہری و سماجی حلقوں کی طرف سے بے حد سراہا گیا۔اب اس اہم اقدام میں سول سوسائٹی(ایچ۔این کیئر اینڈ کیور سینٹر) بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ میدان میں آ گئی ہے جس نے ابتدائی مرحلہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر کے ساتھ مل کر 8ہزار ماحول دوست کپڑے کے بیگز کی مفت تقسیم کا آغازکر دیاہے جو شہر کی مختلف مارکیٹوں،بازاروں اور عوامی مقامات پر مفت دیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر نے دیگر سماجی اور عوامی حلقوں سے بھی کہا ہے کہ وہ بھی اس مہم کا حصہ بنیں۔
اس موقع پر (ایچ۔این کیئر اینڈ کیور سینٹر)،اپیکس فاؤنڈیشن کے عہدیداران ،میاں ڈاکٹر عمران، میاں احسان، سجاد مسعود چشتی صدر نجی سکولز اسوسی ایشن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔