فیصل آباد، محکمہ تعلیم پنجاب نے نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجوں کو داخلے نہ کرنے کی ہدایت کردی

فیصل آباد ( نمائندہ باغی ٹی وی) محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبہ بھر میں غیر الحاق شدہ اور نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجوں کو انٹر میڈیٹ کلاسز میں طلباء و طالبات کے داخلے نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ میٹرک کا امتحان پا س کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین سے الحاق شدہ و رجسٹرڈ کالجز میں داخلوں کی بھی اپیل کی گئی ہے تاکہ بعد ازاں طلباء و طالبات کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچانے سمیت انہیں کسی قسم کی مشکل و پریشانی سے بھی بچانا ممکن ہو سکے۔محکمہ تعلیم ہائیر ایجوکیشن کے ترجمان نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں غیر الحاق شدہ و نان رجسٹرڈ پرائیویٹ گرلز اینڈ بوائز کالجز میں طلباء و طالبات کے سال اول کے داخلوں پر پابندی عائد کر دی ہے اور تمام نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجز کی انتظامیہ کو خبردار کیاگیاہے کہ وہ اپنے اداروں میں فرسٹ ایئر کلاسز میں داخلوں سے باز رہیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ تمام نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجز میں فرسٹ ایئر کے داخلوں کے لئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے رجسٹریشن کروانا اور متعلقہ اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ سے الحاق کرنا لازمی قرار دے دیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران بہت سے نان رجسٹرڈ تعلیمی اداروں نے مختلف ہائیر کلاسز میں سینکڑو ں طلباء و طالبات کے داخلے کرتے ہوئے ان سے لاکھوں کروڑوں روپے بٹور لئے جبکہ بعد ازاں ان تعلیمی اداروں کے مالکان سٹوڈنٹس سے فیسیں لے کر بھاگ گئے جس سے طلباء و طالبات کو تعلیمی نقصان کے ساتھ ساتھ مالی نقصان کا بھی سامنا کرناپڑا۔ انہوں نے بتایاکہ رواں سال نان رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجز طلباء و طالبات کا داخلہ نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے طلباء و طالبات اور ان کے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ مستقبل میں کسی بھی مشکل یا پریشانی سے بچنے کیلئے فوری طور پر قواعد کے مطابق متعلقہ ادارہ کی رجسٹریشن چیک کریں اور اس کی تصدیق ڈائریکٹوریٹ کالجز یا محکمہ ہائر ایجوکیشن سے کر لی جائے۔

Comments are closed.