فیصل آباد(محمد اویس)سردیوں میں محکمہ ریلوے کا منافع بڑھانے کے لئے انوکھا فیصلہ،محکمہ ریلوے کی جانب سے مچھلی پارسل کرنے کے ریٹس میں کرائے کی مد میں 30 فیصد اضافہ کر دیا گیا اضا فے کا اطلاق بھی شروع کر دیا گیا سردی کے موسم میں مچھلی کی سپلائی کی ڈیمانڈ بڑھنے کے سبب محکمہ ریلوے نے بھی کرایوں میں 30 فیصد تک اضافہ کر دیا کراچی سے ٹرینوں کے ذریعے پورے پاکستان بھر میں مچھلی بھجوائی جاتی ہے جس سے محکمہ ریلوے کو روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کا منافع ہوتا ہے تاہم محکمہ ریلوے کی جانب سے مچھلی پارسل کروانے کے کرائے میں 30 فیصد اضافے سے مچھلی کے تاجروں پر بوجھ پڑے گا محکمہ ریلوے کے چیف مارکیٹنگ منیجر محمد ریاض کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مچھلی کے کرایوں میں اضافے کا اطلاق فوری ہو گا مراسلے میں محکمہ ریلوے کراچی،سکھر ،کوئٹہ ،ملتان ،لاہور ،راولپنڈی اور پشاور کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مچھلی کی بکنگ کے نئے کرایہ ناموں پر فوری عمل درآمد کروائیں ۔ذرائع کے مطابق کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر مچھلی بک کروانے کا 5 سے 6 لاکھ روپے کرایہ بنتا ہے اسی طرح باقی شہروں سے بھی روزانہ کی بنیادپر لاکھوں روپے کرایہ مچھلی بک کروانے والے تاجر ریلوے کو ادا کرتے ہیں تاجروں کے مطابق ٹرینوں کے ذریعے مچھلی بھجو ائے جانے کے کرائے میں 30 فیصد اضافے سے ان پر بوجھ پڑے گا ۔اس معاملے پر ڈی ایس ریلوے لاہور ڈویژن عامر نثار کا کہنا تھا کہ کرایہ ناموں میں اضافہ ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے کیا گیا ہے عمل درآمد کروانے کے پابند ہونگے ۔

Shares: