مظفرگڑھ کے اراضی ریکارڈ سنٹر کے ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج
مظفرگڑھ میں اراضی ریکارڈ سنٹر کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح مظفرگڑھ میں بھی کمپیوٹرائز اراضی ریکارڈ سنٹر کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ روز ہڑتال کی اوراراضی ریکارڈ سنٹر مظفرگڑھ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے ۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ اراضی ریکارڈ سنٹر کے کنٹریکٹ ملازمین کو آٹھ سال بعد بھی مستقل نہیں کیا گیا اور نہ ہی گذشتہ تین سال سےان کی تنخواہوں میں کسی قسم کا اضافہ کیا گیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت اراضی ریکارڈ سنٹر کے ملازمین کو فوری طور پر سروس سٹرکچر کے مطابق مستقل کر کے تنخواہوں میں اضافہ کرے۔دوسری طرف اراضی ریکارڈ سنٹر کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث مظفرگڑھ کے دور دراز علاقوں سے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنارہا۔شہریوں کا کہناتھا کہ وہ اپنے کام کاج سے چھٹی لے کر آئے تاہم اراضی ریکارڈ سنٹر کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث ان کا کام نہیں ہوسکے۔