مظفرگڑھ میں اساتذہ کو بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے اہم فریضے کیساتھ ساتھ سکولوں کے واش رومز کی صفائی خود کرنے کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں،اساتذہ سے سرکاری سکول کے واش رومز کی صفائی کرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں.مظفرگڑھ کے گورنمنٹ پرائمری سکول چک روہاڑی میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ ساجد بھابھہ سکول کے معزز اساتذہ سے سکول کے طلباء کی موجودگی میں واش رومز کی صفائی کراتے رہے،اس دوران واش رومز کی صفائی کرنے والے اساتذہ کی ویڈیو بھی بنائی جاتی رہی،سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اساتذہ کو پانی کے پائپ اور ٹوائلٹ کلینر پکڑے دیکھا جاسکتا ہے.وائرل میں دکھائے جانے والے سکول میں صفائی کے لیے کوئی خاکروب بھی موجود نہیں.دوسری جانب اساتذہ سے سکول کے واش رومز کی صفائی کرانے والے ڈپٹی ڈی ای او ساجد بھابھہ کا موقف تھا کہ محکمہ تعلیم کا عبداللہ نامی مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن اسسٹنٹ سکول کے واش رومز میں گندگی کے حوالے سے بار بار غلط رپورٹ بناکر افسران کو گمراہ کررہا تھا،ویڈیو کے ذریعے یہ دیکھانے کی کوشش کی کہ گورنمنٹ پرائمری سکول چک روہاڑی کے واش رومز صاف ہیں.ڈپٹی ڈی ای او کا کہنا تھا کہ سکول کے اساتذہ سے صفائی نہیں کرائی جارہی تھی بلکہ پانی کا پائپ لگاکر دکھانے کی کوشش کررہے تھے کہ واش رومز میں پانی کا بہاؤ ہورہا ہے.ان کا کہنا تھا کہ ایم ای اے عبداللہ کی سکول کے بارے میں رپورٹ غلط ثابت کرنے کے لیے ویڈیو بنائی.








