فیصل آباد(محمد اویس) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق کی کاوشوں سے رکھ برانچ کینال کی صفائی کے لئے خطیر فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں۔رکھ برا نچ کینال کی صفائی کا کام پچھلے 30 سال سے زیر التواء تھا۔ معاون خصوصی ملک عمر فاروق نے ذاتی نگرانی میں صفائی کا آغاز کرایا۔واضح رہے کہ نہروں سے بھل، جھاڑیوں اور سرکنڈوں کی سالانہ صفائی ضروری ہوتی ہے تاکہ کاشتکاروں کو ٹیل تک نہری پانی کی دستیابی میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کسانوں کے ایک وفد نے گزشتہ دنوں وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی ملک عمر فاروق سے ملاقات کے دوران مطالبہ کیا تھا کہ فیصل آباد کی رکھ برانچ کینال کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں اور کھیتوں کو سیراب کرنے کے لئے مناسب پانی نہیں مل رہا جس کی وجہ سے کاشتکاروں کی ہزاروں ایکڑ زرخیز زمینیں بنجر ہونے کے قریب ہیں۔ملک عمر فاروق نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب سے فنڈز منظور کروانے کے بعد نہر کی صفائی کا کام شروع کرادیا ہے۔ملک عمر فاروق نے کسانوں کو یقین دلایا کہ ان کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور ٹیل تک بلارکاوٹ نہری پانی کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے محکمہ انہار کے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ نہروں کی صفائی کے کام میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کرتے ہوئے نہر کی صفائی کے کام کوتیز رفتاری سے مکمل کریں۔

Shares: