مقبوضہ کشمیر:300پولنگ بوتھوں پر ایک بھی ووٹ نہیں پڑا
سرینگر(باغی مانیٹرنگ ڈیسک) پیر کوبھارتی پارلیمانی انتخابی ڈرامے کے پانچویں اورآخری مرحلے میںپلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں پولنگ کی شرح تین فیصد سے بھی کم رہی جو پانچوں مرحلوں کی سب سے کم شرح ہے جبکہ پولنگ بوتھ ویرانی کا منظر پیش کررہے تھے ، پولنگ ایجنٹ غائب اور پولنگ عملہ خوفزدہ تھا۔ چیف الیکٹورل افسر شیلندر کمار نے کہاکہ دونوں اضلاع میں ووٹ ڈالنے کی شرح 2.81فیصد رہی جبکہ کل695پولنگ بوتھوں میں سے 300بوتھوں پر ایک بھی ووٹ نہیں پڑا۔ تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ پولنگ کی اصل شرح سرکاری ذرائع سے کہیں کم ہے۔ وچی کے علاقے میں نو پولنگ بوتھوں پر سات سے کم ووٹ ڈالے گئے اورشوپیان میں 14پولنگ بوتھوں پر پانچ سے بھی کم ووٹ پڑے ۔بیشتر پولنگ بوتھوں پر عملہ فارغ بیٹھا تھاجبکہ بھارتی فوجی مقامی نوجوانوں کی طرف سے کسی بھی ممکنہ خلل اندازی سے نمٹنے کے لےے مستعد کھڑے تھے۔سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کے باوجود نامعلوم افراد نے پولنگ والے اضلاع میںچار مقامات پردستی بموں اور پٹرول بموں سے حملے کئے تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دونوں اضلاع میں لوگوں کی انتخابی عمل میں عدم شرکت کی وجہ بھارت کے خلاف پائی جانے والی نفرت اور غم وغصہ ہے۔