ملتان (نمائندہ باغی ٹی وی) ہسپتالوں، ڈسپنسریوں اورہیلتھ سنٹرز پر ڈاکٹر کی غیرحاضری،ڈپٹی کمشنر کا ڈاکٹرز اورسٹاف کے خلاف کارروائی کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے ملتان شہر میں قائم ڈسپنسریوں، ٹاؤن ہسپتال اور ہیلتھ سنٹرز پر ڈاکٹرز کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیا ہے اور سی ای او محکمہ صحت ڈاکٹر منور عباس کو ہدایت کی ہے کہ علاج معالجہ کے ان مراکز پر ڈاکٹرز کی موجود گی اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا ہے کہ غفلت برتنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ صحت کے ان مراکز میں صفائی کو بہتر بنایا جائے اور فارمیسی رجسٹر کو اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے لودھی کالونی میں واقع میڈیکل سنٹر سے میڈیکل آفیسر اور ایل ایچ وی دونوں کی بیک وقت حج کیمپ میں ڈیوٹی لگانے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور ایل ایچ وی کو فوری طور پر واپس سنٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سنٹر پرآنے والی خواتین کو علاج معالجہ میں مشکلات کا سامنا نہ کرنے پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حج کیمپ میں کسی دوسرے مرکز سے ایل ایچ وی کو تعینات کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی کی مانیٹرنگ کے ساتھ فیلڈ میں واقع سرکاری ڈسپنسریوں، ہیلتھ سنٹر ز اور ہسپتالوں کو بھی چیک کیا جائے اور انہیں رپورٹ دی جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد حمزہ سالک نے اپنی رپورٹ میں نشان دہی کی تھی کہ لودھی کالونی میں واقع سٹی میڈیکل سنٹر سے میڈیکل آفیسر اور ایل ایچ وی دونوں کو حج کیمپ ڈیوٹی پر بھیج دیا گیا ہے اور عوام علاج معالجہ کے مسائل کا شکار ہیں۔ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوآرٹر سید محمد عباس شاہ کی رپورٹ کے مطابق کبوتر منڈی میں قائم ڈسپنسری میں ڈاکٹر ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے اور ابھی تک ایکسرے مشین کے لئے ٹیکنیشن کو بھی تعینات نہیں کیا گیا۔ اس طرح اسسٹنٹ کمشنر تحصیل صدر طیب خان نے ٹمبر مارکیٹ میں ادویات کی عدم دستیابی اور چاہ امب والا کے ہیلتھ سنٹر میں وومن میڈیکل آفیسر کی غیر حاضری کورپورٹ کیا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی کامران بخاری نے گورنمنٹ ٹاؤن ہسپتال ایس بلاک میں وومن میڈیکل آفیسر کی غیر حاضری اور واٹر کولر کی خرابی کی نشان دہی کی تھی۔

ملتان : فرائض میں کوتاہی پر سخت اقدامات
Shares: