فیصل آباد، ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ہدایت کی ہے کہ ڈویژن بھر میں دریاؤں کی طغیانی اورممکنہ غیر معمولی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سے بطریق احسن نپٹنے کیلئے تمام محکمے اپنی تیاریوں اور ذمہ داریوں میں کوئی کوتاہی نہ کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالات میں متاثرہ افراد کی جان ومال کے تحفظ میں کوئی دقت یا مشکل پیش نہ ہو۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران فلڈ کنٹرول پلان پر عملدرآمد کی تفصیلات کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سردار سیف اللہ ڈوگر،ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری،محکمہ انہار کے افسران سمیت دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو،میاں محسن رشیداورسید امان انورقدوائی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ڈویژنل کمشنرنے ضلع جھنگ اور چنیوٹ کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ دریائے جہلم اورچناب میں پانی کے بہاؤپر گہری نظر رکھیں۔اس ضمن میں محکمہ انہار کے افسران کو بھی متحرک رکھا جائے تاکہ دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی صورت میں ممکنہ متاثرہ آبادیوں کوقبل ازوقت محفوظ مقامات پرمنتقل کرکے ان کی ضروری دیکھ بھال کی جاسکے۔انہوں نے تریموں ہیڈ پر پانی کے اخراج کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلڈ کنٹرول انتظامات ہمہ وقت چوکس رہنے چاہیں۔انہوں نے ممکنہ سیلاب سے قبل،دوران سیلاب اور بعداز سیلاب کی تمام تر تیاریوں وانتظامی امور کو کماحقہ پورا رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلاب کی صورت حال میں متاثرین کا خصوصی خیال رکھا جائے اس ضمن میں امدادی سرگرمیوں اور ریلیف کیمپس کے قیام کامعیاراعلیٰ ہونا چاہیے۔انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کو مویشیوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کی مہم کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت کی طرف سے ایمرجنسی میڈیکل سروسز کی فراہمی کے انتظامات کو بھی الرٹ رکھا جائے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ فلڈ کنٹرول کے حوالے سے شہری علاقوں میں واسا،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹیز،ٹاؤن کمیٹیز کے افسران اپنی تیاریوں کو جامع اور ان پر ذمہ دارانہ عملدرآمد کویقینی بنائیں تاکہ ممکنہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں سے پانی کے فوری اخراج اور شاہرات کو کلیئر کرکے شہریوں کو تیز رفتار ریلیف فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور پی ایچ اے کے افسران سے کہا کہ طوفان بادوباراں کے دوران گرنے والے درختوں کو فوری ہٹانے اور صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ماحول خوشگوار رہے۔انہوں نے ڈویژن کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ڈی واٹرنگ سیٹس،کشتیوں،جنریٹرز،ڈوزرز،کرینز اوردیگر مشینری کو چالو حالت میں چوکس رکھنے اور انہیں سیلابی خطرہ کے مقام پر متعین کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ریسکیو 1122سمیت ایمرجنسی سروسز کے لئے ادارے امدادی کارروائیوں میں مربوط حکمت عملی کو یقینی بنائیں جبکہ ڈویژن،ضلع،تحصیل،محکمہ انہار،واسا،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کمیٹیز کے دفاتر میں کنٹرول رومز بھی فعال رہنے چاہیں۔

Shares: