سرگودھا۔ (اے پی پی) سرگودھا میڈیکل کالج کے ماہرین ِ امراض چشم نے آنکھوں کی پتلیوں کا کامیاب ٹرانسپلانٹ کر لیا۔ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں پہلی مرتبہ یہ ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے۔ پہلی کھیپ کے تحت سرگودھا میڈیکل کالج کے ماہرامراض چشم و چیئرمین شعبہ امراض چشم پروفیسر ڈاکٹر ہاشم عمران و دیگر ڈاکٹرز پرمشتمل ٹیم نے پانچ مریضوں کی آنکھوں میں بذریعہ ٹرانسپلانٹ آنکھ کی پتلیاں کامیابی سے نصب کردیں جس کے بعد ان مریضوں کی بصارت بحال ہو گئی ہے۔کارنیا کا عطیہ پاکستان ایسوسی ایشن آف میمفسز (PAM) اور امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز نارتھ امریکہ (APPNA) کی جانب سے فراہم کیا گیاجن کو ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں سرگودھا میڈیکل کالج کے ڈاکٹرز نے مستحق مریضوں میں مفت ٹرانسپلانٹ کیا۔ڈاکٹر عمران ہاشم نے بتایا کہ آنکھوں کی شفاف پتلی کارنیا کہلاتی ہے جسے آنکھ کی کھڑکی بھی کہا جاتا ہے، بیماری یا چوٹ کی وجہ سے آنکھ کی پُتلی متاثر ہونے سے مریض ٹھیک طرح سے دیکھ نہیں سکتا اور آنکھوں کی روشنی بالکل ختم ہونے کا بھی خدشہ لاحق ہو جاتا ہے۔ اس کا علاج کارنیا کی تبدیلی ہے۔ ہمارے ملک میں آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ کارنیا عطیہ کرنے سے کتراتے ہیں۔ فی الوقت بیرون ملک سے عطیہ کیے جانے والے کارنیا مریضوں میں ٹرانسپلانٹ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب دوسرے مرحلہ کے تحت آگاہی مہم چلائیں گے تاکہ مقامی سطح پر کارنیا ڈونیشن کا آغاز ہو سکے۔

Shares: