ساہیوال۔ (اے پی پی) کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کے بنیادی مسائل فوری حل کرنے میں بے حد معاون ثابت ہوگا۔ موجودہ حکومت نے بلدیاتی نظام سے نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کو یقینی بنانے کا عزم کر رکھا ہے،تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ نے انتہائی جانفشانی اور محنت سے حلقہ بندیوں کا کام مکمل کیا ہے جسے26ستمبر سے عوام کیلئے ڈسپلے کر دیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں حلقہ بندیوں کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ مسعود انور،ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو،ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان،اے ڈی سی ریونیو اوکاڑہ خرم شہزاداورڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر کے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی حلقہ بندیوں کے بعد ساہیوال میونسپل کارپوریشن میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور اوکاڑہ میونسپل کمیٹی میونسپل کارپوریشن بن جائیں گی جبکہ ضلع ساہیوال میں ہڑپہ شہر اور ضلع پاکپتن میں ملکہ ہانس اور قبولہ کو ٹاؤن کمیٹیوں کا درجہ دیدیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کیلئے انہوں نے ذاتی طور پر تمام علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ہے تا کہ اگلے 10سال کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ شہری اداروں کی حدود میں اضافہ کیا جا سکے۔کمشنر نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ نئی حلقہ بندیوں کو نمایاں جگہ پر عوام کے ملاحظے کیلئے ڈسپلے کریں۔
جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ باغی ٹی وی 2025