وزیراعظم عمران خان دسمبر کے آخری ہفتے سی پیک کے تحت فیصل آباد میں بننے والے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا افتتاح کریں گے، چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق

فیصل آباد (محمد اویس) وزیراعظم عمران خان دسمبر کے آخری ہفتے سی پیک کے تحت فیصل آباد میں بننے والے جدید ترین علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا افتتاح کریں گے جس میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنی پوری توجہ ملک میں معاشی نمو پر مرکوزکئے ہوئے ہیں۔ تجارت اور سرمایہ کاری موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے حوالے سے دنیا بھر میں ایک مثبت سوچ پروان چڑھی ہے۔ فیڈمک کے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس منصوبے میں تقریباً 357 ارب روپے کی بیرونی اور مقامی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ حکومت نے سرمایہ کاروں کا مکمل اعتماد حاصل کر لیا ہے۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 4 ہزار ایکڑ رقبے پر بنایا گیا ہے جو موٹر وے ایم فور پر ساہیاں والا انٹرچینج فیصل آباد کے قریب واقع ہے۔ اس کے مین بولیوارڈ ، داخلی گیٹ اور باونڈری وال کو چھ ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں مختلف نوعیت کے نئے صنعتی یونٹ تعمیر کیے جائیں گے۔ شہر کے متعدد گنجان علاقوں میں پہلے سے قائم صنعتی یونٹس کو بھی اس نئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا بھی اس منصوبے کی جلد تکمیل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور متعلقہ احکام کو انہوں نے واضح ہدایات دی ہیں کہ اس منصوبے کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے۔ میاں کاشف نے مزید کہا کہ فیڈمک کے تحت مختلف منصوبوں میں روزگار کے اڑھائی لاکھ مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔ نوجوانوں کو نئی اور جدید نوعیت کی ملازمتوں کے لئے تیار کرنے کی غرض سے فیڈمک متعلقہ شعبوں کے لئے قلیل مدتی تربیتی کورسز شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ملک کو درپیش بڑے چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ ورلڈ بینک کے حالیہ اعدادوشمار کے مطابق تقریباً 6 فیصد پاکستانی بے روزگار ہیں اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ تربیت یافتہ اور ہنر مند مزدوروں اور انجینئرز کو نہ صرف خصوصی اقتصادی زون میں اچھی ملازمتیں مل سکیں گی بلکہ چینی اور مقامی کمپنیوں کو بھی مقامی طور پر تربیت یافتہ افرادی قوت میسر آ سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی تمام صنعتوں، پلانٹس ، مشینری ، خام مال اور دیگر سازوسامانکو 10 سال کے لئے ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک متبادل کی حیثیت سے سی پیک کی اہمیت بہت زیادہ ہے اس سے معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے دو سال کے اندر اندر کاروباری آسانیوں کی درجہ بندی کو مزید بہتر اور 100 سے کم کرنے کے لئے پرعزم ہے

Comments are closed.