وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو واضح پیغام دے دیا
باغی ٹی وی : وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو واضح پیغام دیا ہے کہ انھیں کسی صورت این آر او نہیں ملے گا، وہ اس کیلئے چاہے دھرنے دیں یا جلسے کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ بات سینیٹر فیصل جاوید اور سینیٹر ذیشان خانزادہ کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ ملاقات میں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے ریوائیول کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ اسلامی تاریخ پر مبنی فیچر فلمز اور ڈرامے مقامی سطح پر بنانے پر غور بھی کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر نوجوانوں کی مثبت اور تعمیراتی سرگرمیاں بڑھانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ رواں ہفتے ٹائیگر فورس کے کنونشن میں نوجوانوان سے خطاب کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ نوجوان تعمیری سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔ ملاقات میں سیاسی معاملات اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے اپنے غیر متزلزل بیان کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے، اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ لوٹ مار کرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے۔ یہ اب جلسے کریں یا دھرنے دیں، انھیں این آر او نہیں ملنا،
واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں جلسہ سے مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، بلاول زرداری و دیگر خطاب کریں گے،جلسہ میں تمام جماعتوں کے کارکنان شریک ہوں گے، جلسہ کی میزبانی پیپلز پارٹی کرے گی
جے یو آئی کے سربراہ جلسہ میں شرکت کے لئے لاہور سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ میں جائیں گے، جے یو آئی نے اوکاڑہ، قصور، ساہیوال سمیت قریبی اضلاع سے کارکنان کو لاہور بلا رکھا ہے