وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر پینسرہ میں پہلی بار کھلی کچہری کا انعقاد

فیصل آباد(محمد اویس)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر پینسرہ میں پہلی بار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی اور سی پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے چک 275ج ب میں شہریوں کے تعلیم،صحت،مال ودیگر محکموں اورپولیس سے متعلقہ مسائل تفصیل سے سنے۔اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی بعض شکایات و مسائل پر اسسٹنٹ کمشنر صدر ودیگر متعلقہ افسران کو فوری دادرسی کرکے رپورٹ کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی تحصیلوں سمیت دوردراز علاقوں میں کھلی کچہریاں لگانے کا مقصد عوامی مسائل دہلیز پر حل کرنے کے ساتھ انہیں ہرممکن ریلیف فراہم کرنا ہے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔انہوں نے پینسرہ میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی تاکید کی اور شہریوں سے کہا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات پر ضلع کے کونے کونے میں جا کر عوامی مسائل سن اور ان کے ازالہ کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بعض درخواستوں پر افسران کو فون کرکے تعمیلی رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔سی پی او کیپٹن(ر)سہیل چوہدری نے شہریوں کی پولیس سے متعلقہ درخواستیں سنتے ہوئے پولیس افسران سے کہا کہ وہ عوام کو میرٹ کے مطابق انصاف کی فراہمی کویقینی بنائیں اور ان کی ہرممکن حد تک دادرسی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے ضلعی پولیس متحرک ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے ساتھ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔اس موقع پر موجوددرخواست گزاروں نے ضلعی وپولیس انتظامیہ کی طر ف سے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی طرف سے 50سے زائد درخواستیں پیش کی گئیں۔

Comments are closed.