وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عام صارفین کو معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے ضلعی ماڈل بازار قائم

0
97

فیصل آباد(محمد اویس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عام صارفین کو معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف حصوں میں فوری طور پر چار ماڈل بازار قائم کئے ہیں جن پر مخصوص اشایئے ضروریہ کنٹرول اور سستے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔یہ بات ماڈل بازار ریاض شاہد چوک اسلام نگر،ماڈل بازار جھنگ روڈ،کلیم شہید پارک اور فیضان مدینہ چوک مدینہ ٹاؤن میں فنکشنل کردئیے گئے ہیں جن میں آلو،پیاز،ٹماٹر،دال چنا،دال مسور،دال مونگ،سفید چنا،چاول،چینی،آٹا اور گھی بازار سے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اشیاء کی دستیابی،معیاراور قیمتوں کاجائزہ لینے کے لئے ان ماڈل بازاروں کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنر(صدر)نازیہ موہل اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے فروخت کی جانے والی مقررہ اشیاء کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لئے ان اشیاء کی سپلائی میں کوئی تعطل نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ان اشیاء کے ماڈل بازار کے نرخ،ڈی سی مقررہ نرخ اور عام بازاروں کے نرخ درج کئے جائیں تاکہ صارفین خریدتے وقت قیمتوں میں واضح فرق دیکھ سکیں۔انہوں نے خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے بات چیت کی اور ان سے اشیاء کے معیار اورقیمتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر عوام کوخود ساختہ مہنگائی سے بچانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 47 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرگرم عمل ہیں اور مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مسلسل جانچ پڑتال کی جارہی ہے کسی دکاندار کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی نے شام کے اوقات میں شہر کی مختلف مارکیٹیوں کا دورہ کرکے اشیاء کی قیمتوں کو چیک کیا۔انہوں نے امین پور بازار کے باہر فروٹ سٹالز پر پھلوں کی زیادہ قیمتیں وصول کرنے پر چار پھل فروشوں اورجناح کالونی میں ایک میگا سٹور پر چینی،آٹا اور دالیں مہنگے داموں فروخت کرنے پر سٹورمینجر کو فوری گرفتار کرلیاجن میں محمد جمال،عزیز،عمرشہزاد،محمد ارشداورناصر شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور عوام کو ان کے استحصال سے بچانے کے لئے پرائس کنٹرول میکنزم پر جامع انداز میں عملدرآمد جاری ہے۔

Leave a reply