ملاقات میں صوبائی مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری زاہد سلیم، سکیرٹری کھیل عمران گچکی و دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے. وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان کے نوجوانوں میں بھی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں. انہیں آگے بڑھانے اور کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لیے سرپرستی اور تعاون کی ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے خاص طور سے کھیل کے میدان میں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے. وزیراعلی نے ملک کے ممتاز کرکٹر اور شاندار بیٹسمین انضمام الحق سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ خاص طور سے نوجوانوں میں اسپورٹس کی ترقی کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ ذہنی و جسمانی صحت کے لئے کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں اس کے علاوہ صحت مند ماحول کو برقرار رکھنے میں اس سے مدد ملتی ہے. انہوں نے بتایا کہ حکومت ماحول کی بہتری اعلی اور صحت مند اقدار کے فروغ اور نئی نسل کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے. کرکٹ، فٹبال، اسکوائش اور دیگر کھیلوں کے لیے سٹیڈیمز، گراؤنڈ اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا گیا ہے. حکومت اپنے فنڈز سے صوبے بھر میں اسٹیڈیمز کا قیام عمل میں لا رہی ہے. 33 اضلاع میں اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی نے حال ہی میں گوادر کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر اور وہاں ہونے والے پاکستان کرکٹ کپ کے افتتاحی میچ اور گوادر کے خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم کے چرچے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت صوبے میں کرکٹ کے فروغ اور خاص طور سے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے حوالے سے انضمام الحق جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے تعاون کا خیر مقدم کرتی ہے۔اور اس سلسلے میں اپنا معاون کردار ہمیشہ ادا کرتی رہے گی. قومی کرکٹر انضمام الحق نے صوبائی حکومت کی جانب سے اسپورٹس کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے خاصا متاثر ہوئے ہیں اور صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لئے تعاون کرنا چاہتے ہیں. انہوں نے کہا کہ بلوچستان آکر بہت خوشی ہوئی یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں. انضمام الحق نے کہا کہ کرکٹ ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لئے اسکول کی سطح پر اقدامات کرنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو عالمی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کرنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیاجائے گا. ملاقات میں بلوچستان میں بورڈنگ اسپورٹس اسکول کے قیام سے متعلق امور بھی زیر غور آئے. وزیراعلی نے قومی کرکٹر انضمام الحق کو اس موقع پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی.
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved