وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں پوری دنیا کے مسلمانوں کا مقدمہ لڑا ہے، اسد عمر
فیصل آباد۔(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سابق وزیر خزانہ اور چیئرمین فنانس کمیٹی برائے خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے تاریخ ساز خطاب میں نہ صرف پاکستان اور مقبوضہ کشمیر بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا مقدمہ لڑا ہے، اقوام متحدہ کے عالمی ایوان میں پہلی بار بین الااقوامی سطح پر جس دو ٹوک،سخت دلائل اور بھر پور انداز میں آواز اٹھائی گئی ہے اس سے قبل اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور اس خطاب میں جہاں کشمیر میں ہونے والے مظالم اور مودی کی سفاکی کا پردہ چاک کیا گیا ہے وہیں مغرب کو یہ آئینہ بھی دیکھایا گیا ہے کہ کشمیر سمیت پوری دنیا بھر کے مسلمانوں کے ساتھ کیا سلوک روا رکھا جارہا ہے اور اس پر اقوام عالم کی خاموشی کس جانب اشارہ کررہی ہے۔ ہفتہ کو فیصل آباد آمد کے موقع پر تحریک انصاف کے رہنماء ظفر اقبال سرور کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس انداز میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی،بھارتی سفاکیت،ہندو ؤں کی جنونیت کا پردہ چاک کیا ہے اس نے عالم اقوام کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ اب مسئلہ کشمیر کے حل کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ کہ عمران خان نے مغرب کے دوہرے میعارکی بھی حقیقی تصویر کشی کرتے ہوئے دنیا کو بتایا ہے کہ پاکستان سے باہر لیبر کیلئے جانے والے شہریوں کیلئے پاسپورٹ اور ویزہ سمیت سخت ترین شرائط عائد ہیں لیکن یہاں سے منی لانڈرنگ کرنے اور قوم کے اربوں روپے لوٹ کر اور چوری کرکے باہر لیجانے والوں کو تحفظ دینے سمیت ان کیلئے آسانیاں پیدا کی جاتی ہیں جس نے پاکستان کو سخت مسائل کا شکار کردیا ہے اس لیے اب دنیا کو یہ دوہرا میعار ختم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے با وقار انداز میں دنیا کو بتا دیا ہے کہ اب گوروں کے سامنے ماضی کی طرح معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کیا جائے گا اور اپنی عزت و ساکھ کی بحالی کیلئے دنیا کے ہر پیلٹ فارم پر آواز اٹھائی جائے گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کی سربراہی میں بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے اور صنعتی،کاروباری،تجارتی مسائل جلد حل کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے تیزی کے ساتھ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی جائز تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے لیکن صرف سیاسی دوکانداری چمکانے کیلئے الزام تراشی اور طعن و تشنیع درست نہیں۔ انہوں نے کہ کہ اگر بلاول زرداری بہتر انداز میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششیں کرسکتے ہیں تو حکومت انہیں سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے اور ان کے تدارک کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔