وزیر اعظم کاجنرل اسمبلی میں کشمیر کے معاملے پر خطاب دنیا کی سوچ میں تبدیلی لائے گا‘ ہمایوں اختر خان

0
47

لاہور۔ (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کاجنرل اسمبلی میں کشمیر کے معاملے پر پُر اثر خطاب دنیا کی سوچ میں ضرور تبدیلی لائے گا، ہم نے سابقہ حکمرانوں کے معاشی بد حالی کے ایجنڈے کو خوشحالی سے بدلنا ہے اور اس کیلئے عملی پیشرفت کی جارہی ہے،اپوزیشن کرپشن کو بچانے کیلئے اپنا ہرحربہ آزما کر دیکھ لے لیکن حکومت دباؤ میں آکر احتساب کے جاری عمل میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پارٹی وفود اوربعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ میں اپنے قیام کے دوران نریندر مودی کا اصل چہرہ بے نقا ب کیا ہے اور دنیا کو بھی اب پاکستان کی تشویش سمجھ آنا شروع ہو گئی ہے۔ پاکستان نے کشمیر کے معاملے پر موثرسفارتکاری کی ہے اور قوی امید ہے کہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے رویے سے واضح ہے کہ انہیں ملک کے موجودہ حالات اور مفادات سے کوئی سروکار نہیں اور ان کا ایک ہی مشن ہے کہ ہم نے کس طرح حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کر کے اپنی کرپشن کو بچانا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ کرپشن کے کیسز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور تمام فیصلے احتساب اور انصاف کے ادارے کریں گے اور حکومت ان پر کسی طرح کا دباؤ ڈالنے کی بجائے انہیں مکمل سپورٹ دے گی۔ اگر ہم نے ماضی کی غلط روایات کو جڑوں سے اکھاڑ کر نہ پھینکا تو خدانخواستہ پاکستان کی بقاء خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت معیشت کی بہتری کے لئے غیر معمولی فیصلے کر رہی ہے، ڈھانچہ جاتی اصلاحات لائی جارہی ہے جس کے نتیجے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تیز ی سے کم ہوا ہے، ہماری برآمدات بڑھی ہیں، انشااللہ آنے والے دنوں میں مینو فیکچرننگ گروتھ بھی بڑھے گی جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکلات عارضی ہیں،ہم سابقہ حکمرانوں کے معاشی بد حالی کے ایجنڈے کو خوشحالی سے تبدیل کریں گے جس سے رصرف خاص طبقات نہیں بلکہ محروم طبقات کی زندگیوں میں بھی آسودگی اور خوشحالی آئے گی۔

Leave a reply