وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صحافیوں کے مطالبہ پر فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کا اعلان کیاہے اور کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی صحافی کالونی کا قیام یہاں کے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے صحافیوں کا قانونی، انسانی و اخلاقی حق ہے جس پر عملدر آمد کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
بدھ کی دوپہر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ فیصل آباد آمد اور سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پریس کلب فیصل آباد کے صدر ظفر ڈوگر اور سیکرٹری علی اشفاق ہاشمی نے دیگر سینئر صحافیوں کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی توجہ فیصل آباد میں صحافی کالونی نہ ہونے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں سے فیصل آباد کے صحافیوں جو ہمیشہ حکومتی پالیسیوں کی ترویج اور بھر پور کوریج میں پیش پیش رہے ہیں کے ساتھ صحافی کالونی کے قیام کے وعدے کئے جاتے رہے ہیں لیکن ابھی تک اس پر سنجیدگی سے عملدر آمد نہیں کیا گیا لہٰذا فوری طور پر فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کا اعلان فرمایا جائے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے صحافیوں کا یہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کا اعلان کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فیصل آباد پریس کلب کے عہدیداران پہلی فرصت میں وقت نکال کر ان کے پاس ایوان وزیر اعلیٰ لاہور تشریف لائیں تاکہ اس ضمن میں نہ صرف بیٹھ کر بات کی جائے بلکہ صحافیوں کی تجاویز کی روشنی میں صحافی کالونی کے قیام کے وعدے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا ئے
۔انہوں نے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے صحافیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومتی اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ مثبت انداز میں قابل عمل تجاویز کے ساتھ ان کی رہنمائی کریں تاکہ عوامی اور شہری مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔