وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر سپورٹس جمنیزیم جڑانوالہ میں کھلی کچہری

0
107

فیصل آباد (محمد اویس) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پرڈپٹی کمشنر محمد علی اور سی پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے سپورٹس جمنیزیم جڑانوالہ میں کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو داد رسی کی ہدایت جاری کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل ربی چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عمر درازگوندل،ایس پی طارق سکھیرااورتحصیل انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے شہریوں کے محکمہ مال،بعض علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال،صحت،سٹریٹ کرائمز اوردیگر نوعیت کے مسائل خندہ پیشانی سے سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے درخواست گزاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر میرٹ کے مطابق انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت مشن ہے جس پر بھر پور انداز میں عمل پیرا ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ اپنے دفتر کے باہر بیٹھ کر عوام کے مسائل سنتے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں جبکہ درخواستوں پرہونے والی پیشترفت کی بھی کڑی مانیٹرنگ جاری ہے علاوہ ازیں ہر جمعہ کو کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں جا کر بھی باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگائی جارہی ہیں تاکہ عوامی مسائل ان کے گھروں کے نزدیک سن کر حل کئے جا سکیں اور انہیں دور دراز سفر نہ کرنا پڑے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ وہ شہریوں سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے جبکہ دیگر تحصیل افسران کو بھی اوپن ڈورپالیسی پر سختی سے عمل پیراہونے کا پابندبنایا جائے۔سی پی او کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے کہا کہ امن و امان کا قیام ضلعی پولیس کی ترجیح ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کے بعض مسائل سنتے ہوئے موقع پر موجود پولیس افسران کو میرٹ کے مطابق نمٹانے کی تاکید کی۔انہوں نے سٹریٹ کرائمز کی شکایات پر پولیس کو گشت بڑھانے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی اور سی پی او کیپٹن (ر)سہیل چوہدری نے تحصیل جڑانوالہ کے نمبرداروں سے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ نمبرداراپنے علاقوں میں حکومتی پالیسیوں اورامن وامان کے قیام کے سلسلے میں حکومتی اقدامات میں ہاتھ بٹائیں۔انہوں نے کہا کہ نمبرداروں کو ان کا مقام دلانے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدام کررہی ہے لہذا وہ بھی آبیانہ کی ریکوری،تجاوزات کی نشاندہی اور جرائم پیشہ افراد کے بارے میں رپورٹ فراہم کریں جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع وتحصیل انتظامیہ اور پولیس ان سے قریبی رابطہ استوار رکھے گی اورمیٹنگز کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔

Leave a reply