ڈیرہ غازیخان(تنویر احمد) ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اورعدم توجہ کے باعث نہم کلاس کا طالب علم جاں بحق،میرا بیٹا ساری رات تڑپتا رہا لیکن ڈاکٹروں نے کوئی توجہ نہ کی،والد،ورثاء نے احتجاجاً لاش سٹرک پر رکھ کر مظاہرہ کیا ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس،سیکرٹری صحت اور کمشنر ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی اس سلسلہ میں ملنے والی مزید تفصیل کے مطابق چوٹی زیریں کے علاقے بستی تالپور کا رہائشی نہم کلاس کا طالب علم منظر عباس تالپور ولد نذر حسین کو گھر کے قریب کوبرا سانپ نے کاٹا جسے فوری طور پر سول ہسپتال چوٹی زیریں لایا گیا جہاں پر موجود ہسپتال عملہ نے مبینہ طور پر ویکسین نہ ہونے پرگزشتہ شب 11 بجے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ ریفر کردیامتوفی کے والد نذر حسین کا کہنا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں کوئی ڈاکٹر موجود نہیں تھا ڈاکٹروں کو بلاتے رہے لیکن انہیں رحم نہ آیا نرسز نے ساری رات صرف ایک بوتل ڈرپ لگائی اور 6 گھنٹے تک مریض کو سانس کیلئے آکسیجن یا وینٹی لیٹر فراہم نہیں کیا گیا اور حالت غیر ہونے پر آئی سی یو شفٹ کرتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ آئی سی یو میں کوئی بیڈ بھی خالی نہ تھا محض طفل تسلی کے لئے دکھاوا کیاگیا جس کے خلاف ورثا نے ہسپتال روڈ پر ٹائر جلائے اور احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کردیاورثاء نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیلتھ کئیر کمیشن سے تحقیقات کرا کر غفلت کے مرتکب ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے رابطہ کرنے پر میڈیا کوآرڈی نیٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر خالد تحسین نے بتایا کہ ایم ایس ٹیچنگ ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کی جس میں انکوائری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق کوبرا سانپ کے ڈسنے سے تشویشناک حالت میں مریض کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی لیکن مریض جانبر نہ ہوسکا تاہم تفصیلی رپورٹ کے مطابق اگر کوئی ڈاکٹر یا عملہ کوتاہی کا مرتکب پا یا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی دریں اثناء.ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے سانپ کے کاٹنے سے منظر عباس کی موت اور واقعے کا نوٹس لیتے ہو ئے اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان جلیس کو فوری طو رپر ہسپتال کا دورہ کر کے واقعہ کی تفصیلات معلوم کرنے کی ہدایت کی جس پر انہوں نے دورہ کر کے ایم ایس اور دیگر ڈاکٹرز سے معلومات حاصل کیں. انکوائری رپورٹ کے بعدذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا. علاوہ ازیں ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے مریض منظر عباس کی موت کے واقعہ پر ابتدائی رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 27اگست کو دس بجکر 57منٹ پر موضع نواں جنوبی بستی تالپور کے منظر عباس کو ہسپتال لایاگیا جہاں مریض کو ضروری علاج معالجہ او رٹیسٹ کیے گئے رپورٹ کے مطابق کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر فیضان مصطفی اور دیگر سٹاف کی طرف سے مریض کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی گئیں لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور 28اگست کو صبح 5بجکر 45منٹ پر فوت ہو گئے انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں سانپ کاٹنے کی 169ویکسین میڈیکل ایمرجنسی میں موجود ہے تاہم واقعہ کی تحقیقات کیلئے ڈاکٹر گل حسن شاہ کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے کمیٹی میں سینئر رجسٹرار سرجری ڈاکٹر محمد عاصم بھٹی اورکنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر ساجد حسین کوشامل کیاگیا ہے.دریں اثنا ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان وقاص رشید نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو چوبیس گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کرے گی ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واقعہ میں غفلت اور کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی.دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان کے ٹیچنگ ہسپتال میں سانپ کے کاٹنے کی ویکسین نہ لگانے پرلڑکے کے جاں بحق ہونے کے حوالے سے میڈیا پرنشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اورکمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی انہوں نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ضروری کارروائی کی جائے. وزیر اعلی نے کہا کہ متاثر ہ خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے. وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جا ں بحق لڑکے کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا.

Shares: