ون ونڈو آپریشن کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کے لئے قرضوں کی فراہمی کا آغاز

0
64

فیصل آباد۔ (اے پی پی) حکومتی ہدایات کی روشنی میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کے زیر اہتمام چھوٹے کاشتکاروں کو فصلات ربیع کیلئے ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور 25ایکڑ آبپاش و 50ایکڑ تک بارانی رقبے کے مالک کاشتکاروں سے پیر کے روز سے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ قرضے ون ونڈو آپریشن کے تحت آسان شرائط پر پاس بکس کے ذریعے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بینک کے موبائل کریڈٹ آفیسرز ہر سوموار کے روز چھوٹے کاشتکاروں سے زرعی قرضوں کی فراہمی کیلئے درخواستیں وصول کر رہے ہیں جن پر متعلقہ زرعی ترقیاتی بینک کے برانچ منیجر ز 3روز کے اند ر اندر زرعی قرضے جاری کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، زرعی ترقیاتی بینک کے ذونل چیفس، ڈسٹرکٹ آفیسرز ایگریکلچر کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی عوامی شکایت پر فوری کاروائی یقینی بنائیں تاکہ کاشتکاروں کو فصلات ربیع کیلئے بیج، کھاداور دیگر زرعی ضروریات پوری کرنے سمیت سر سبز زرعی انقلاب لانے میں معاونت کیلئے تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کے متعلقہ حکام پر بھی واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Leave a reply