ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرز کی عمدہ کارکردگی کی ستائش کے لئے تقریب

فیصل آباد( )فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام عیدالاضحی پرصفائی ستھرائی کے حوالے سے ویسٹ ورکرز کی عمدہ کارکردگی کی ستائش کے لئے تقریب نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مصور خاں نیازی،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار،جنرل مینجر آپریشنز کرنل عماد اقبال گل،سینئر مینجر آپریشنز اعجاز بندیشہ ودیگر افسران کے علاوہ عیدالاضحی صفائی آپریشن میں ڈیوٹی انجام دینے والے ویسٹ ورکرز بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر شہر میں عیدالاضحی کے بڑے صفائی آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا گیا جس کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ویسٹ ورکرز کی انتھک کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے ویسٹ ورکرز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی تندہی،محنت اور شہریوں کی خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دئیے اور عیدالاضحی کے ایام میں شہر کے گلی محلوں اورسڑکوں پر متحرک رہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی الائشیں اٹھانے میں تاخیر اورماحول تعفن زدہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ مختلف شہری حلقوں نے بھی عیدالاضحی صفائی پلان پر بہترین عملدرآمد اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی عمدہ کارکردگی کو سراہاہے جو کہ بڑی کامیابی اور اس کا تسلسل برقراررہنا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی صفائی پلان کی کامیابی ویسٹ ورکرز کی محنت کا نتیجہ اور شہریوں کی جانب سے ستائش اس امر کا ثبوت ہے کہ وہ عیدکے ایام میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے کمپنی کی کارکردگی سے مطمن نظر آئے۔انہوں نے عیدصفائی آپریشن پرمامور ورکرز کو ان کی عمدہ کارکردگی پر مبارکباددی اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام تقریب کے انعقاد کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ احساس،محنت اور ذمہ داری سے فرائض انجام دینے کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل ہوتے ہیں اور آئندہ بھی ٹیم ورک کی حیثیت سے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے مشن میں کمی نہیں آنی چاہیے۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے تقریب میں شرکت اور ویسٹ ورکرزکا حوصلہ بڑھانے پر کمشنر محمود جاوید بھٹی،ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی صفائی آپریشن میں ویسٹ ورکرز نے گلی محلوں،شاہرات پر مشنری جذبے سے قربانی کے جانوروں کی الائشوں کوٹھکانے لگایا جبکہ عوامی شکایات کابھی تیزرفتاری سے ازالہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ عیدپر فرائض انجام دینے والے ملازمین کو 15دن کی تنخواہ بطوراعزازیہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے ورکنگ پیپرز تیار کئے گئے ہیں۔اس موقع پرویسٹ ورکرز کو ان کی عمدہ کارکردگی کے اعتراف میں تعریفی سر ٹیفکیٹس بھی دئیے گئے۔

Comments are closed.