ٹرینوں کی سپیڈ میں اضافے کیلئے نئے ٹریک کی تعمیرجاری، 14کلومیٹر حصہ باقی رہ گیا

ملتان۔(اے پی پی) پاکستان ریلویز ملتان ڈویژن نے ٹرینوں کی سپیڈ میں اضافے کے لیے شیر شاہ اور کوٹ ادو کے درمیان مجوزہ 71کلومیٹر نئی ریلوے لائن میں سے 57کلومیٹر ٹریک مکمل کرلیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق نئی ریلوے ٹریک مکمل ہونے سے ٹرینوں کی رفتار میں 20کلومیٹر فی گھنٹہ اضافہ ہوجائے گا۔ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر مجیب الرحمن نے اے پی پی کوبتایا کہ باقی14کلومیٹر ریلوے ٹریک کی تعمیر جون2020تک مکمل ہوجائے گی۔یہ ڈیڈ لائن دوسال پہلے دی گئی تھی۔ٹریک مکمل ہونے کے بعد ٹرینوں کی سپیڈ پہلے مرحلے میں 80کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھاکر 95سے100کلومیٹر تک کردی جائے گی۔اگلے مرحلے میں یہ سپیڈ مزید بڑھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اب تک مہرایکسپریس،تھل ایکسپریس اور بہت سی مال گاڑیاں یہ ٹریک استعمال کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹریک کی تعمیر کے دوران ٹرینوں کی آمدورفت نہیں روکی گئی تاہم ٹرینوں کی آمد کے موقع پر سائٹ انجینئرز عارضی طورپر اپنا کام روک دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ نہیں۔

Comments are closed.