ڈیرہ غازیخان(تنویر احمد)پراپرٹی ٹیکس نادہندگان حکومتی رعایت سے فائدہ اٹھاتے ہو ئے 30ستمبر تک رعایت کے ساتھ اپنے ذمے ٹیکس ادا کر دیں ورنہ 30ستمبر کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاریاں جاری کرتے ہو ئے ان کی جائیدادوں کو سیل کر دیا جا ئے گا نادہندگان کو جیل کی ہوا بھی کھانا پڑے گی ان خیالات کا اظہارڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیرہ غازی خان ڈویژن عبد اللہ خان جلبانی نے کیا انہوں نے کہا کہ حکومت نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو 30ستمبر تک چھوٹ دی ہے کہ وہ یکمشت ٹیکس جمع کرا کر 5%رعایت سے فائدہ اٹھائیں اور کاروائی سے بھی بچ جائیں 30ستمبر آخری تاریخ کے بعد خصوصی ٹیمیں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں گی اس سلسلہ میں ان کی جائیدادوں کو سیل کیا جا ئے گا اور نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جار ی کر کے ان کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا ئیں گی اس سلسلہ میں سروے بھی مکمل کر لیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی ریکوری کی پائی پائی وصول کر نا ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے اس سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں پراپرٹی ٹیکس،موٹر ٹیکس،پروفیشنل ٹیکس کی مد میں پانچ کروڑ روپے ریکوری کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کرا ئے گئے ہیں ریکوری کا سلسلہ جاری رہے گا اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی انہوں نے آخر میں کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے سر انجام دے رہے ہیں تاکہ حکومتی خزانہ میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے۔

Shares: