پلانٹ فار پاکستان مہم کا فیصل آباد میں بھی آغاز کردیا گیا
فیصل آباد: پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(فنانس)عاصمہ اعجاز چیمہ نے پروین شاکر کمپلیکس اور گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج پیپلز کالونی ہریاں والا چوک میں پودے لگائے۔میڈم بازلہ،اساتذہ اورطالبات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(فنانس)نے کہا کہ آئندہ نسلوں کی بقاء کے لئے زیادہ سے زیادہ درختوں کی موجودگی ناگزیر ہے لہذا ماحولیاتی آلودگی کا شدت سے احساس کرتے ہوئے درخت لگانے کا اہم فریضہ انجام دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ٹن بلین ٹری سونامی پروگرام پر بھرپور انداز میں عملدرآمد جاری ہے اور ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کی ہدایات پرضلعی افسران اپنے سٹاف کے ہمراہ دفاتر سے ملحقہ دستیاب اراضی پرمختلف اقسام کے پودے لگا رہے ہیں جبکہ ان کی نشوونما اور بقاء وسلامتی کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور بچوں کو بھی اس قومی فریضہ میں شامل کریں تاکہ سرسبز وشاداب ماحول پروان چڑھے اور حکومتی مقاصد بھی پورے ہوسکیں۔انہوں نے پروین شاکر کمپلیکس میں دستیاب جگہوں پر مزید پودے لگانے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ ان کی آبیاری کے لئے بھی ذمہ داریاں انجام دی جائیں۔