چکوال۔ (اے پی پی) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے پیر کے روز بتایا کہ پنجاب میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا امکان کم ہے کیونکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے کچھ قانونی ضروریات پوری کی جانی ہیں جس کی وجہ سے فوری طور پر بلدیاتی الیکشن نہیں ہوسکتے۔وہ کوٹ سرفراز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ راجہ یاسر سرفراز نے مزید بتایا کہ نارتھ پنجاب یونیورسٹی کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب نے دے دی ہے اور سردست اس یونیورسٹی کیلئے ضلع چکوال میں وافر سرکاری زمین موجود ہے اور کوئی پرائیویٹ زمین سردست حاصل کرنے کی ضرورت نہیں اور یہ تاثر درست نہیں کہ قصبہ تھوہا بہادر کی پرائیویٹ زمین میں اپنی زمین کو فائدہ پہنچانے کیلئے حاصل کروا رہا ہوں۔تھوہا بہادر والوں کی خواہش کا احترام ہوگا اور انکی کوئی اراضی حاصل نہیں کی جا رہی۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ مال نے جو پانچ کنال دس مرلے اراضی جس پر اربوں روپے کے پلازے اور مارکیٹیں عوام نے تعمیر کیے ہیں اور غلام دستگیر نامی کو یہ پلازے اور مارکیٹیں منتقل کردی گئی ہیں اس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی غلام دستگیر کو پلازے،مارکیٹیں نہیں دی جا سکتیں۔ صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 1900کنال سرکاری اراضی پر قابضین اور اس اراضی کو فروخت کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ ضلع چکوال میں کسی کیساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پختہ تعمیرات، مکانات اور پلازوں کو گرانا کوئی درست عمل نہیں اور اس حوالے سے یقین دلاتا ہوں کہ پلازوں، مارکیٹوں کی توڑ پھوڑ نہیں کی جائے گی جس کے پاس ملکیت کے ثبوت نہیں اس کو بہرحال سرکاری زمین واپس کرنا ہوگی۔

Shares: