فیصل آباد( اے پی پی) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ساہیوال،ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کلاس نہم کے سالانہ امتحانی نتائج کااعلان 19 اگست بروز پیر کوکریں گے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ نتائج کی تیاری انتہائی شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے اور پہلی بار مذکورہ نتیجہ نہ صرف ہر قسم کی اغلاط سے پاک ہو گا بلکہ کسی طالب علم کا رزلٹ بھی لیٹر آن نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ رزلٹ کمپیوٹرائزڈ طریقے سے تیار کیاگیاہے۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ رزلٹ کی سی ڈیز فیصل آباد بورڈ کی مقرر کردہ بینک برانچز میں 200 روپے فیس جمع کروا کر 19اگست کو صبح 10بجے حاصل کی جا سکیں گی۔انہوں نے بتایاکہ رزلٹ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہو گا جبکہ طلباء و طالبات موبائل فون ایس ایم ایس سروس کے ذریعے بھی اپنا رزلٹ گھر بیٹھے معلوم کر سکیں گے۔