فیصل آباد(محمد اویس)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ کی ہدایات پر غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کے سلسلے میں اسسٹیٹ آفیسر امتیاز گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تین غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کو سیل جبکہ غیر قانونی تعمیرات کومسمار کردیا۔تفصیلات کے مطابق دوران انسپکشن انکشاف ہوا کہ چک نمبر196رب کے علاقہ کی زمین پر رائل پام سٹی،بلال آرچرڈ اورچک نمبر117ج ب کی اراضی پر ابراہیم ویلی کی ایف ڈی اے اوردیگر متعلقہ اداروں سے منظوری حاصل نہیں کی گئی جس پر ان ہاؤسنگ سکیموں کو فوری طور پر سیل کردیا اورمنتظمین سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ شرائط،قواعدوضوابط اورقانونی تقاضوں کو پورا کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر وہ پلاٹس کی فروخت اور تعمیرات جاری نہیں رکھ سکیں گے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ ڈویلپرز کی سہولت کے لئے خصوصی سیل کام کررہا ہے لہذا وہ منظوری کے لئے تمام کارروائی مکمل کریں اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر یا شکایت کی صورت میں ان سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

Shares: