ڈسٹرکٹ کمپلیکس مظفرگڑھ میں حادثہ،کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق،دوالیکٹریشن گرفتار
مظفرگڑھ۔ (اے پی پی)ڈسٹرکٹ کمپلیکس مظفرگڑھ میں حادثہ،کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق۔ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے گراسی پلاٹ میں واقع پانی کی موٹر کو چھونے سے ایک شخص کو کرنٹ لگ گیاجسے فی الفور 1122 کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور جاں بحق ہوگیا۔تنویر نامی یہ شخص ضلع کچہری مظفرگڑھ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں کسی مقدمے کی پیروی کے سلسلے میں آیا تھا۔ ترجمان ضلعی حکومت نے کہا کہ کل پانی کی موٹر میں کرنٹ آنے کی شکایت ملی تھی فوری طور پر محکمہ بلڈنگز کے الیکٹریشن کو اطلاع کئی گئی۔ صبح اور شام کی شفٹ کی دونوں الیکٹریشن نے موٹر کا معائنہ کیا مگر فالٹ کو دور نہ کیا۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے واقعہ کا فی الفور نوٹس لیا اور انکے کے حکم پر فرائض میں غفلت برتنے پر دونوں الیکٹریشن کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے۔