فیصل آباد: ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی میٹنگ میں ساڑھے 57کروڑروپے کی لاگت سے ڈویژن بھر میں سات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جن میں فراہمی ونکاسی آب،سڑکوں کی تعمیر اور محکمہ تعلیم کی سکیمیں شامل ہیں۔یہ منظوری ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں دی گئی جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان،ڈائریکٹر کالجزڈاکٹر محمدعالم،ایس ای بلڈنگز حسنین شاہ،ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ یاسر اقبال،چاروں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈویلپمنٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام10کروڑ روپے سے ستیانہ ضلع فیصل آباد میں سیوریج سسٹم کی فراہمی جبکہ 10کروڑ روپے کی لاگت سے چک نمبر229ر ب مکوانہ میں سیوریج وڈرینج سکیم کا منصوبہ مکمل کیا جائے گا اسی طرح 6کروڑ روپے کے فنڈز سے تحصیل احمدپور سیال ضلع جھنگ میں سیوریج وڈرینج سسٹم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 5کروڑ روپے سے ضلع فیصل آباد میں مختلف روڈز کی تعمیر ومرمت وبحالی کی سکیم جبکہ 2کروڑ روپے کے فنڈز سے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین گوجرہ میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی،8کرور 49لاکھ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز کالج گلشن کالونی میں مسنگ فیسلٹز فراہم کی جائیں گی اور 16کروڑ روپے سے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فاربوائزتحصیل سمندری میں اکیڈمک بلاک کی تعمیر کا منصوبہ شامل ہے۔ڈویژنل کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے ضروری محکمانہ کارروائی فوری مکمل کی جائے اور تمام تر درکار تقاضوں اور قواعد وضوابط کو ملحوظ خاطر رکھیں اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے.

- Home
- پاکستان
- فیصل آباد
- ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی میٹنگ میں 57 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈویژن بھر میں 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری