راجن پور۔2 اکتوبر(اے پی پی) تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی بارے اہم اجلاس ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان نے کہاکہ ہر سکول اور کالج کے باہر تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور سیکیورٹی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کو مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ A کیٹیگری کے اسکولوں و کالجز میں آٹھ آٹھ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔ان تعلیمی اداروں میں ذیگ زیگ راستہ،میٹل ڈیٹیکٹر اور ایمرجنسی الارم موجود ہونے چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اسکولوں میں موک ایکسر سائز کروائیں۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈی ایس پی جان محمد، اسسٹنٹ کمشنر /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرراجن پور میاں مراد حسین،اسسٹنٹ کمشنر جام پور سیف الرحمان،چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم فاروق علوی،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ارشاد بخاری،ڈیٹا بیس آفیسر سلطان خان دریشک،ایجوکیشن آفیسر عتیق احمد،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راجن پور عطا حسین سیلرہ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جام پور ممتاز حسین،پرنسپل ڈسٹرکٹ پبلک سکول راجن پور نوید قمر سمیت سکول اور کالجز کے سربراہان موجود تھے۔

Shares: