فیصل آباد (عثمان صادق) ڈپٹی کمشنر علی شہزادطبی امور کا جائزہ لینے کے لئے اچانک چک 442 گ۔ب تاندلیانوالہ سمندری بائی پاس کے بنیادی مرکز صحت پہنچ گئے اور مختلف شعبوں کا دورہ کرکے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو مانیٹر کیا۔انہوں نے مشینری کی ورکنگ حالت،صفائی ستھرائی،حاضری اور دیگر دستیاب سہولیات کو چیک کرتے ہوئے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کاریکارڈ بھی دیکھا۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے اور مرکز صحت کا رخ کرنے والوں کو علاج کی معیاری سہولیات تیز رفتاری سے فراہم کی جائیں تاکہ انہیں معمولی سی بھی شکایت نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کی اچانک انسپکشنز کا عمل جاری رہے گا اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی پر محکمانہ ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا لہذا انتظامی وطبی امور کو ہمہ وقت چوکس رکھا جائے۔

Shares: