ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی کھلی کچہری

0
92

گوجرانوالہ:ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر نے کہا کہ ہے کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کوفوری ریلیف فراہم کرتا ہے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت دفتری اوقات میں بھی عوام کے مسائل سن کر انکی روزانہ کی بنیاد پر داد رسی کی جا رہی ہے اسکے علاوہ ہفتہ وار کھلی کچہری سے بھی سائلین حقیقی معنوں میں ریلیف محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں سائلین کی درخواست پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو حل کے لیے احکامات جاری کر دیے جاتے ہیں تاکہ انکی فوری دادرسی کی جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر منعقدہ ہفتہ وار کھلی کچہری میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر رابعہ ریاست،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عتیق الرحمن، اے سی صدر حناء ارشد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد غیاث،سی ای او ہیلتھ،ڈاکٹر فرید،سی ای او ایجوکیشن اورنگزیب، واسا،ضلع کونسل،جی ڈی اے،ایکسائز،سوئی گیس، گیپکو اور دیگر محکموں کے افسران نمائندے شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر کا کھلی کچہری سے غیر حاضری پر سخت نوٹس (چیف آفیسر کارپوریشن، اسسٹنٹ کمشنرز وزیر آباد اور نوشہرہ ورکاں) سے جواب طلب، تینوں افسران کا کوئی نمائندہ شریک نہ ہوا۔
کھلی کچہری میں سائلین نے پیٹرولیم مصنوعات پر اوگراکی مقرر کردہ قیمتوں سے زائد وصولی پر کاروائی، سٹی پارک حیدری انڈر پارک میں پڑے ملبے اور کچرے کے ڈھیروں کی صفائی، غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف کاروائیوں میں مزید شدت لانے، مشترکہ کھاتہ میں راستہ پر ناجائز قبضہ ختم کرانے، وزیرآباد میں شہری علاقہ میں خطرناک تیزاب کی سٹوریج کے خلاف کاروائیوں کی درخواستیں موصول ہوئیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔ اوور سیز پاکستانی نے ذاتی پراپرٹی سے غیر قانونی قبضہ ختم کرانے کی درخواست کی جس پر انہوں نے سائل کی رہنمائی اور معاونت کے لیے افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔ سرکاری سکول میں سائنس ٹیچر نہ ہونے کے حوالے سے موصول ایک درخواست پر انہوں نے سی ای او ایجوکیشن کو سکول کو فراہم فنڈز میں سے سائنس ٹیچر کی خدمات حاصل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ایک اور شہری نے ایک ہفتہ قبل کھلی کچہری میں دی درخواست میں شاہراہ عام سے ناجائز قبضہ ختم کرانے کی اپیل کی تھی جس پر شہری کو بتایا گیا کہ چندر وز میں عملدرآمد کر دیا جائے گا جس پر شہری نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کا شکریہ ادا اور کھلی کچہری کے حکومتی اقدام کو سراہا۔ پسرور روڈ کے رہائشی شہری نے شہر خصوصاََ پسرور روڈ اور ملحقہ آبادیوں میں صفائی نظام میں نمایاں بہتری سی ای او گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اورعملہ کی تعریف کی اور کہا کہ روڈ پر مزید کوڑا دان بھی نصب کیے جائیں تاکہ شہریوں قریبی کچر ا دان میں کوڑا کرکٹ پھینک کر شہری کی صفائی میں اپنا کردار ادا کر سکیں جس پر انہوں نے کہا اس سلسلہ میں مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Leave a reply