ڈیمز کی تعمیر، غیر ملکی فرم سے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرانیکا فیصلہ

فیصل آباد(محمد اویس) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کے لئے غیر ملکی فرم سے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان ڈیموں میں پانی ذخیرہ ہونے کی مقدار کا تعین فزیبلٹی سٹڈی میں کیا جائے گا۔ اس کے لئے صوبائی حکومت نے فنڈز مختص کردیئے ہیں۔ اس سلسلہ میں تمام ذمہ داری محکمہ آبپاشی کو سونپی گئی ہے ۔ محکمہ آبپاشی کو پنجاب میں 14 چھوٹے ڈیمز بنانے کے لئے رواں سال بھی پنجاب حکومت نے تین ارب 41 کروڑ 68 لاکھ روپے فراہم کررکھے ہیں۔ جس سے رواں مالی سال کے دوران تین ڈیمز مکمل کئے جائیں گے جبکہ دیگر 11 ڈیمز کو فنڈز کی دستیابی سے مشروط کیا گیا ہے ۔ جن تین ڈیمز پر کام جاری ہے ان میں سے راولپنڈی میں ڈڈھوچہ ڈیم کی تعمیر رواں ماہ میں شروع کی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے پہلی بار جنوبی پنجاب میں چھوٹے ڈیمز بنانے کے لئے فنڈز مختص کررکھے ہیں جن پر ابتدائی کام جاری ہے ۔ تاہم ابھی تک راولپنڈی کے ڈڈھوچہ ڈیم کے علاوہ دیگر کسی ڈیم کے لئے رقم جاری نہیں ہوسکی ہے ۔ اس حوالے سے محکمہ آبپاشی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے دیگر ٹیموں کے تعمیر اور پانی ذخیرہ کرنے کی مقدار کا تعین کرنے کیلئے ڈیموں کے حوالہ سے کروائی جانے والی فزیبلٹی رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

Comments are closed.