ڈینگی کی روک تھام کے لیے انتظامیہ کا انوکھا فیصلہ

ملتان۔(اے پی پی) ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر دوسرا نوٹس جاری ہونے کی صورت میں ادارے کے سربراہ کو گرفتا رکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادارے کے سربراہ کے خلاف مقدمہ درج ہو گا اور بلڈنگ سیل کر دی جائے گی۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوآغا ظہیرعباس شیرازی کی زیرصدارت ڈینگی کے خلاف مہم کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی کامران بخاری، اسسٹنٹ کمشنر یو ٹی ذیشان قیصرانی، فوکل پرسن ڈاکٹر عطاء الرحمان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو نے ہدایت کی کہ جن اداروں کو پہلا نوٹس جاری کیا جا چکا ہے ان کی لسٹیں تیار کی جائیں تاکہ دوسرا نوٹس جاری ہونے کی صورت میں بروقت کاروائی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ قصے کہانیوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہی ڈینگی پر کنٹرو ل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفئیر ڈینگی سرویلنس بارے موثر کردار ادا کرے۔انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم صنعتی اداروں میں ڈینگی بارے سیمینار کرائے جائیں۔ فوکل پرسن ڈاکٹر عطاء الرحمان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز شہر میں 13 مقامات پر ڈینگی لاروا پایا گیا۔زیادہ تر ائر کولرز میں ڈینگی لاروا پایا گیا۔ اس کے علاوہ پرندوں کے لیے رکھے گئے پانی کے برتنوں اور اے سی کے آوٹر سے بھی ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نشتر کے رفیدہ ہال اور نرسنگ ہاسٹل میں صفائی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور نرسنگ سٹوڈنٹس کو ڈینگی بارے آگاہی کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی عمران نے بتایا کہ گزشتہ روز ٹائر شاپس اور کباڑیوں کے خلاف 5 ایف آئی آر درج کرائی گئیں اور ایک دوکاندار کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

Comments are closed.