ڈی جی ایف ڈی اے محمد علی کی ہدایات پر غیر منظور شدہ ہاؤسنگ کالونیز کے خلاف آپریشن

فیصل آباد(محمد اویس)ڈپٹی کمشنر/ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد علی کی ہدایات پر غیر منظور شدہ ہاؤسنگ کالونیز کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے جڑانوالہ روڈ پر سرکاری طور پر منظوری کے بغیر تعمیر ہونے والی ایک ہاؤسنگ کالونی کی تعمیرات کو مسمار کردیا۔ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اور اسٹیٹ آفیسر کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے ضروری مشینری کے ساتھ جڑانوالہ روڈپر چک نمبر121گ ب کی زمین پر تعمیر ہونے والی غیر منظور شدہ ہاؤسنگ کالونی ایڈن ویو کے خلاف آپریشن کیا اور کالونی کے مرکزی گیٹ اور چار دیواری سمیت دیگر غیر قانونی تعمیرات کو گرادیا۔غیر قانونی اورغیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ قواعدوضوابط،شرائط اور قوانین کے مطابق ہاؤسنگ کالونی کے قیام کے لئے باقاعدہ منظوری حاصل کریں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عامر عزیز نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر/ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد علی کی ہدایت پر غیر قانونی اور غیرمنظور شدہ ہاؤسنگ کالونیز کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جارہا ہے لہذا شہری بھی پلاٹس خریدتے وقت ہاؤسنگ کالونی کی قانونی حیثیت کے بارے میں دریافت کرلیں تاکہ انہیں بعدازاں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیز کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے جسے ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ کالونی کی منظوری کے امور کو تیز رفتاری سے نمٹانے کے لئے ایف ڈی اے کے دفتر میں ون ونڈوکاؤنٹر کام کررہا ہے تاکہ درخواست گزاروں کو بہترین اور تیزرفتار محکمانہ سروسز فراہم کی جاسکیں۔
۔۔۔///۔۔۔

Comments are closed.