ڈی سی سکھرکی دارالامان مینجمنٹ کمیٹی کے غیرفعال ممبران کی جگہ سرگرم لوگوں کو مقرر کرنے کی ہدایت

0
61

سکھر۔(اے پی پی) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے دارالامان سکھر میں صفائی ستھرائی اور ماحول بہتر نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ غیرسرکاری مینیجمنٹ کمیٹی کو فعال بنایا جائے اور اس میں موجود غیرفعال ممبران کو ہٹاکر ان کی جگہ سرگرم لوگوں کو رکھا جائے تاکہ ماحول بہتر ہوسکے۔ یہ ہدایات انہوں نے اپنے آفس کے کانفرنس روم میں دارالامان مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پر دارالامان سکھر کی انچارج نے تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت دارالامان میں 46خواتین اور21 بچے رجسٹرڈ ہیں جن کی خوارک کا سالانہ بجٹ 19لاکھ روپے ہیں، جبکہ دارالامان سکھر میں نصب اکثر سی سی ٹی وی کیمرے غیر فعال ہیں اور پینے کے پانی میں کچرہ آنے کے باعث اکثر خواتین اور بچوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ دارالامان کی خواتین کی عدالتوں میں پیشی پر لے جانے کے لیے اکثر وبیشتر پولیس موبائل دستیاب نہیں ہوتیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے دارالامان کی انچارج کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دارالامان کے واٹر ٹینک کی3 روزکے اندر صفائی کرائی جائے اور دارالامان کی خواتین کو پولیس موبائل نہ ملنے کی صورت میں ایس ایس پی سکھر، ڈی آئی بی انچارج اور پولیس کنٹرول رومز کو پیغام ارسال کیا جائے اور سی سی ٹی وی کیمرے ایک ہفتے کے اندر فعال بنا کر رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے ڈی ایچ او سکھر کو دارالامان کی خواتین اور ماؤں کے لیے ایک ماہر نفسیات ڈاکٹر کومقرر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لیگل ایڈ این جی او اور چیمبر آٖف کامرس کے ممبران کو کہا کہ دارالامان کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

Leave a reply