ڈی سی محمد علی کا پھلوں وسبزیوں کی نیلامیوں کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے علی الصبح سبزی منڈی سدھار کا دورہ
فیصل آباد(محمد اویس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر محمد علی نے پھلوں وسبزیوں کی نیلامیوں کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے علی الصبح سبزی منڈی سدھار کا دورہ کیا۔سی پی او اظہر اکرم بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر زوہا شاکر،نازیہ موہل،ایکسٹراسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عبدالرحمن اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے سبزی منڈی کے مختلف شیڈز میں جاکر بعض سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی اور ان کے تھوک کے حساب سے فروخت کے لئے دی جانے والی بولیوں کو جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی کے آڑھتیوں سے بھی ملاقات کی اورکہا کہ سبزیوں وپھلوں کی قیمتوں کو بلاجواز نہ بڑھنے دیں۔انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران سے کہا کہ وہ سبزیوں وپھلوں کی سپلائی پر گہری نظر رکھیں اور کسی شے کی قلت کی صورت میں سپلائی کے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ قیمتیں بڑھنے کا اندیشہ نہ ہو۔انہوں نے شفاف اورمعقول بولیوں کے بعد جائز منافع کے ساتھ پرچون نرخ مقرر کرنے اور فوری طور پر پرائس لسٹ جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر سبزی منڈی میں صارفین کو پھل وسبزیاں رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے قائم کسان پلیٹ فارم پر بھی گئے اور کاشتکاروں کے لئے دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کسان پلیٹ فارم پر صارفین کو پھل اورسبزیوں کی براہ راست فروخت کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 12کسان پلیٹ فارم قائم ہیں جہاں کاشتکار کو اپنی اجناس کو آڑھتیوں کے ذریعے فروخت کے سلسلے میں کمشن یا مارکیٹ فیس ادانہیں کرنی پڑ رہی جس کی بدولت مڈل مین کا خاتمہ اور اخراجات کم ہونے سے صارفین تک سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہو رہے ہیں۔سی پی او نے سبزی منڈی میں حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ڈیوٹی افسران سے کہا کہ بولیوں کے اوقات میں سیکورٹی امور چوکس رہنے چاہیں۔
۔۔۔///۔۔۔