ڈی سی گوجرانوالہ محکمہ صحت کی کارکردگی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس
گوجرانوالہ:ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر کی زیر صدارت محکمہ صحت کے ماہانہ کارکردگی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس،ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی اوولین ترجیحات میں ہے جس کا مقصد شہریوں کو سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جو کارکردگی اعشاریے مقرر کیے گئے ہیں ان پر بھرپور توجہ دیجائے خصوصاً دیہی و بنیادی مراکز صحت میں سیف ڈلیوری (محفوظ زچگی)،ویکسی نیشن،بنیادی اور دیہی مراکز صحت کی کارکردگی میں شامل تمام سب انڈیکیٹرز (اعشاریوں) کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت میں محفوظ زچگی کے لیے مڈ وائف اورگائنا کالوجسٹ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ایل ایچ ویز (مڈ وائف)کو متحرک کیا جائے تا کہ وہ اپنے مراکز صحت کے لیے مقرر کیے گئے اہداف کے حصول کو یقینی بنا سکیں۔انہوں نے مکس پنجاب سروے رپورٹ 2018کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع گوجرانوالہ میں محفوظ زچگی کے شعبہ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے تا کہ سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت پر شہریوں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔اجلاس میں ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری (بائیو میٹرک حاضری)،ایمبولینسز کا درست استعمال،بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں یو پی ایس اور جنریٹر کے فنکشنل ہونے سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رابعہ ریاست،سی ای او ہیلتھ اتھارٹی صاحبزادہ فرید،ی ایم او افضل حیات تارڑ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران ہیلتھ (ڈی ڈی ایچ اوز)ڈاکٹر ارشاد اللہ،ڈاکٹر صوفیہ بلال،ڈاکٹ عمر اعوان،مانیٹرنگ ای ویلیوایشن اسسٹنٹ (ایم ای ایز) اور دیگر شریک تھے۔