ڈیرہ اسماعیل خان ۔(اے پی پی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش کی جانب سے پولیس لائن ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں محرم الحرام کے دوران بہترین پیشہ وارانہ کارکردگی پیش کرنے والے پولیس آفسران و جوانوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر صوبائی اسمبلی ممبر فیصل امین گنڈہ پوربھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ نے کہا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان محرم الحرام کے حوالے سے ملک کے حساس ترین اضلاع میں شامل ہے۔ کافی سیکیورٹی تھریڈ موجود تھے لیکن اس کے باوجود ڈیرہ پولیس نے دن رات محنت سے اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور محرم الحرام بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے افسران اور جوان اسی طرح محنت، دیانتداری اور اپنے بہترین طرز عمل سے ڈیوٹی سرانجام دیتے رہیں، کرپشن، غیر قانونی حراست اور تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، علاقہ میں امن و امان اور عوام کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی موقع پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں، حقیقی معنوں میں خادم بن کر عوام کی خدمت کریں۔ آخر میں تقریب کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا کہ محرم الحرام میں ڈیرہ پولیس نے دہشت گردوں کے سامنے نازک حالات میں فرنٹ لائن پر رہ کر اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے ہیں ان کی شب و روز محنت کی وجہ سے آج امن قائم ہے۔

Shares: