کرپشن کی بدولت ملک معاشی بحران کا شکار ہوا ہے قلندر لودھی

0
79

کرپشن کی بدولت ملک معاشی بحران کا شکار ہوا ہے قلندر لودھی کرپٹ حکمرانوں کا احتساب ضرور ہوگا، لوٹی دولت عمران خان واپس لے کر نیا پاکستان بنائیں گے، قلندر لودھی
ایبٹ آباد۔ 23 جولائی خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ سابق کرپٹ حکمرانوں کی عیاشیوں کی بدولت آج ملک معاشی بحران کا شکار ہوا ہے، جب ان کو پکڑا گیا تو کہتے ہیں جمہوریت کو خطرہ ہے، ان کرپٹ حکمرانوں کا ضرور احتساب ہوگا اور ان سے لوٹی ہوئی دولت عمران خان واپس لے کر نیا پاکستان بنائیں گے جس کا انہوں نے عوام سے وعدہ کر رکھا ہے، عمران خان ایک دیانتدار، امانتدار اور سچا مسلمان لیڈر ہے، انشاء اللہ ملک اس کی قیادت میں ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔ وہ منگل کو کھولیاں بالا میں ایک لاکھ 32 ہزار کلوواٹ گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ گرڈ سٹیشن یونین کونسل چمبہ، یونین کونسل جھگڑا اور دیگر علاقوں کو بجلی فراہم کرے گا جبکہ اس سے قبل یہ علاقہ 66 ہزار کلوواٹ گرڈ کے ساتھ منسلک تھے جس کی وجہ سے یہاں پر بجلی کی وولٹیج کم ہونے کا بہت بڑا مسئلہ در پیش تھا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، جنرل سیکرٹری تحریک انصاف خیبر پختونخوا علی اصغر، بلدیاتی نمائندے، سابق رکن صوبائی اسمبلی نثارصفدر، افتخار خان اور یونین کونسل چمبہ، گاؤں کالو میرا، جھگڑا اور دیگر علاقوں کے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا کہ وہ، علی خان، علی اصغر اور تمام تحریک انصاف کے لوگ ایک ٹیم ہیں، ہم سب مل کر عوام کی مشاورت سے حلقہ این اے 16 اور پی کے 38 کے ترقیاتی کام کریں گے، ہم پورے ضلع ایبٹ آباد کے عوام کے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے موقع پر انہیں علی خان کو جس طرح عوام نے عزت دی اور اپنی خدمت کیلئے منتخب کیا، انشاء اللہ ہم کبھی بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے، مرکز اور صوبہ میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، ہم سب مل کر عوام کے مسائل کیلئے دن رات کام کر یں گے، جو یہاں کی عوام فیصلہ کرے گی ہم اس کام کو کرنے کے پابند ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر نوشہرہ، کالو میرا سڑک کا سروے محکمہ مواصلات و تعمیرات کرنا شروع کر دے گا، پانی کے مسائل کو بھی فوری حل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ علاقہ کے لوگوں کی جانب سے پیش کر دہ تمام مسائل نوٹ کرلئے ہیں اور درجہ بدرجہ سب کو حل کیا جائے گا، ہمارے لئے سب برابر ہیں اور سب کے مساوی کام ہوں گے، سب لوگ ہماری برادری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کے بھی شکرگزار ہیں جو ہمیشہ ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں اور جہاں جہاں ضلع ایبٹ آباد میں بجلی کے مسائل ہیں ان کو حل کر رہے ہیں

Leave a reply