فیصل آباد (اے پی پی)محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ صرف پاکستان و پنجاب بیت المال، زکوٰۃ و عشر ڈیپارٹمنٹ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے امداد لینے والے مستحق افراد کو ہی صحت انصاف کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ جمعہ کے روز فیصل آباد اور چنیوٹ میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر محکمہ صحت کے حکام نے بتایاکہ صرف انہیں مستحق و غریب اور بے سہارا خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ جاری کئے جائیں گے جو پہلے ہی مالی معاونت فراہم کرنے والے اداروں سے امداد حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ متعلقہ افراد موبائل فون کے ذریعے 8500 نمبرپر اپنا شناختی کارڈ نمبر میسج کرکے اپنی صحت انصاف کارڈ کی اہلیت کے بارے میں تصدیق حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ میسج کے جواب میں متعلقہ شخص کو بتایا جائے گا کہ اسے صحت انصاف کارڈ کس جگہ سے جاری ہوگا اس طرح مستحق افراد مقرر ہ جگہ پر جاکر بآسانی کارڈ جاری کرواسکتے ہیں۔