گوجرانوالہ میں پہلی خواتین بیلٹ ریسلنگ چیمپیئن شپ مقابلوں کا انعقاد،پنجاب بھر سے تمام ڈویژنز کی ٹیموں کی شرکت،بیلٹ ریسلنگ کی 8مختلف ویٹ کیٹگریز میں مقابلے،گوجرانوالہ ڈویژن کی ٹیم فاتح قرار،ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر نے چیمپیئن شپ میں شریک ٹیموں میں انعامات،میڈل اور تعریفی اسناد تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نائلہ باقر نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے، خواتین کے لیے کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے جسے ضلعی انتظامیہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سے مل کر عملی جامہ پہنا رہی ہے تا کہ کھیل کے تمام شعبوں میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کھلاڑی تیار کیے جا سکیں جو ملکی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی شعبہ زندگی میں صلاحیتوں کے اعتبار سے مردوں سے کم نہیں، صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کی ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے ڈی او سپورٹس عائشہ چیمہ اور ان کی پوری ٹیم کو کامیاب مقابلوں کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
ڈپٹی کمشنر نے جیتنے والی خواتین میں (فرسٹ پوزیشن ہولڈر گوجرانوالہ کو 15ہزار، سیکنڈ پوزیشن ہولڈرلاہورکو10ہزار اور تھرڈ پوزیشن ہولڈرفیصل آباد کو5ہزار روپے) نقد انعامات، ٹرافیز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے جبکہ میچ آفیشلز میں بھی میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اس موقع پر پاکستان کے مایہ ناز سنوکرورلڈ چیمپیئن محمد بلال،ڈپٹی ڈائریکٹر (فنانس)ڈاکٹر محمد غیاث،ڈی او سپورٹس عائشہ چیمہ،تحصیل سپورٹس افسران اور دیگر بھی موجود تھے۔