ہفتہ صفائی کے سلسلے میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام ڈی گراؤنڈ میں شجرکاری‘ کچرا کی صفائی اور شہریوں میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کئے گئے

0
164

فیصل آباد (محمد اویس)ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جاری ہفتہ صفائی کے سلسلے میں پی ایچ اے کے زیر اہتمام ڈی گراؤنڈ پیپلزکالونی میں شجرکاری‘ کچرا کی صفائی اور شہریوں میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی‘ ایم پی اے / چیئرمین پی ایچ اے لطیف نذر‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) عاصمہ اعجاز چیمہ‘ سی ٹی او سردار آصف‘ ڈی جی (پی ایچ اے) آصف چوہدری و دیگر افسران نے سکولوں کے طلباء کے ساتھ پودے لگائے اور افسران سے علامتی طور پر کچرا اٹھا کر صفائی قائم رکھنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاہد رانا‘ ڈائریکٹر پی ایچ اے عبداللہ چیمہ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر‘ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز الائنس کے چیئرمین صداقت حسین لودھی اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے خدمات انجام دینے والی این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی‘ چیئرمین پی ایچ اے / ایم پی اے لطیف نذر‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عاصمہ اعجاز چیمہ‘ سی ٹی او سردار آصف و دیگر افسران نے طلبا اور شہریوں میں صفائی کی اہمیت و افادیت کی تحریروں پر مبنی معلوماتی پمفلٹس اور ماحولیاتی تحفظ کے مسائل کے انسداد کے لئے کپڑے سے تیار کردہ تھیلے بھی تقسیم کئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ صفائی منانے کا مقصد صاف ستھرے‘ خوشگوار اور سرسز و شاداب ماحول کو مستقل بنیادوں پر پروان چڑھانے کے لئے سرکاری اداروں اور سماجی حلقوں کو مزید متحرک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی و شجرکاری مہم میں سماجی طبقات کی شمولیت خوش آئند ہے جو ایک باشعور اور مہذب معاشرے کی پہچان کے لئے بے حد ضروری ہے تاکہ ہر شہری میں اپنے گھر کی طرح اردگرد کے ماحول‘ پارکوں‘ شاہراؤں او بازاروں کو صاف رکھنے کا احساس بیدار رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی میں پی ایچ اے کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ شہر کو سرسبز اور خوشما بنانے کے لئے پودوں اور پھولوں کی افزائش میں کوئی کسر نہ رہے۔ چیئرمین پی ایچ اے / ایم پی اے لطیف نذر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان پر خلوص نیت سے عملدرآمد سے ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے جس پر عمل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے اس سلسلے میں انفرادی اور اجتماعی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو صحت مند معاشرہ اور سرسبز پاکستان دینے کے لئے سرکاری اداروں کے ساتھ ہر شہری کو درخت لگا کر اس کی حفاظت کرنی چاہئے۔ انہوں نے ہفتہ صفائی مہم کو ضلعی انتظامیہ کی بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی اور شجرکاری مستقل عمل ہے تاہم شہریوں کا احساس جگانے اور سرکاری اداروں کی ذمہ داریوں کو متحرک کرنا بھی ضروری ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے آصف چوہدری نے کہا کہ شہر کی سرسبز و شادابی میں اضافہ کے لئے پی ایچ اے کی طرف سے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی میں شجرکاری کے لئے پی ایچ اے کے زیراہتمام جامع پروگرام پر عمل کیا جارہا ہے۔
۔۔۔///۔۔۔

Leave a reply