یتیم بچوں کی کفالت ملک میں الخدمت فاونڈیشن کی پہچان بن چکا ہے،میاں عبدالشکور

پشاور۔(اے پی پی)الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر میاں عبدالشکور نے کہا ہے کہ یتیم بچوں کی کفالت پاکستان میں الخدمت فاونڈیشن کی پہچان بن چکا ہے، اس وقت الخدمت ملک بھر میں 13ہزار یتیموں کی کفالت کر رہا ہے،الخدمت کا ہر سطح کا ذمہ دار خود کو خدمت انسانیت کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرے اور خدمت خلق کے سلسلے میں اپنی پہچان دیانت اور امانت کے کلچر کو قائم رکھے، منشیات کی وباء تیزی سے ہمارے معاشرے بالخصوص نوجوانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے،الخدمت عنقریب اس انسانی المیہ سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم کا آغاز کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر میاں عبدالشکور نے آغوش الخدمت ہوم پشاور میں الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی جنرل کونسل کے سالانہ اجلاس کے اختتامی سیشن سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں صوبہ بھر سے الخدمت کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کے علاوہ صوبائی جنرل کونسل کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے الخدمت کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ ملک اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں مقامی وسائل کے حصول پر توجہ دیں اور پروفیشنل ازم و مالیاتی نظم و ضبط سمیت خدمت خلق کے شعبہ میں امانت اور دیانت کے کلچر کو قائم رکھے۔اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص صوبائی جنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی نائب صدور احسان الحق یاسر فضل محمود ڈاکٹر سمیع اللہ جان احسان اللہ مروت اور ضلع پشاور کے صدر حافظ حمید اللہ سمیت دیگر ضلعی صدور نے مختلف شعبہ جات کی رپورٹس پیش کیں اور صوبہ بھر میں جاری منصوبہ جات کا جائزہ لیا گیا۔

Comments are closed.