ڈیرہ غازی خان: کارپوریشن کے نادہندگان کی 11 دکانیں سِیل

ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(نامہ نگارشہزادخان) شہر میں کارپوریشن کے نادہندگان کی 11 دکانیں سربمہر کردی گئیں۔غیر قانونی عمارتیں بھی سیل ہوں گی۔کمشنر خالد منظور نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے موئثر آپریشن کےلئے خصوصی سکواڈ بھی تشکیل دے دیا۔روزانہ کی بنیاد پر کارروائی اور واجبات کی وصولی رپورٹ طلب کرلی۔کارپوریشن افسران کے تحریری اجازت کے بغیر سٹیشن چھوڑنے پر بھی پابندی عائد کردی ،
کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن خالد منظور کی زیر صدارت کارپوریشن کے مسائل سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی ،چیف آفیسر کارپوریشن جواد الحسن گوندل،اے سی جی حیات اختر ،ایکسئین ہائی ویز ہمایوں مسرور،ایس ڈی او طاہر عزیز،میونسپل آفیسرز محمد اویس سرور،تنویر عالم،ذیشان فرید،ایس ڈی او پبلک ہیلتھ حمید کھوسہ اور دیگر موجود تھے کمشنر خالد منظور نے کہا کہ کارپوریشن کے افسران موبائل فون بند نہیں رکھیں گے،سرکاری فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی برداشت نہیں ہوگی ،غیر قانونی تعمیرات پر نوٹسز دئیے جائیں۔دکانیں،واٹر سپلائی،سیوریج اور دیگر واجبات کی سو فیصد وصولی کےلئے ملکر کام کیا جائے۔ملازمین کی ملی بھگت پر کارروائی کریں گے۔کمشنر خالد منظور نے کہا کہ میونسپل سروسز کی بہتری اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔اجلاس میں کارپوریشن کی آمدن ،اخراجات کی جانچ پڑتال اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔

Leave a reply