میکسیکو کے بار میں فائرنگ سے 12 افراد ہلاک:پیرس میں 12 سالہ بچی بیدردی سے قتل

0
59

اراپواتو:میکسیکو کے بار میں نامعلوم افراد کی اندھادھند فائرنگ سے 12 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر اجنسی کے مطابق ہفتے کی شام میکسیکو کے وسطی شہر اراپواتو میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک بار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 6 خواتین اور 6 مرد ہلاک ہوگئے۔

شہری انتظامیہ کے مطابق اس حملے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے، سیکیورٹی اہلکار حملہ آوروں کا سراغ لگانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم فائرنگ کی وجوہات واضح نہیں ہوسکیں۔

میکسیکو میں یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں بار پر فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے، 21 ستمبر کو تاریمورو نامی علاقے میں ایک بار پر حملے میں 10 افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

اس ماہ کے شروع میں جنوبی میکسیکو کی ریاست گوریرو میں ایک حملے میں شہر کے میئر سمیت 20 افراد کو ہلاک کردیا گیا تھا۔میکسیکو میں منشیات فروش گروپوں کے درمیان علاقوں پر کنٹرول کی لڑائیوں میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں

ادھرفرانس کے دارالحکومت پیرس میں 12 سالہ لڑکی کو بیدردی سے قتل کردیا گیا جس کے جسم پر پراسرار نمبرز درج تھے۔فرانس کے بی ایف ایم ٹی وی کے مطابق بچی کے والدین نے جمعہ کو اسکول سے گھر نہ پہنچنے پر مقامی پولیس اسٹیشن میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔

پولیس نے بچی کی تلاش کے سلسلے میں تفتیش شروع کی تو انہیں اسکے گھر کی بیسمنٹ سے اغوا کے شواہد ملے، سی سی ٹی وی فوٹیج کے معائنے میں ایک خاتون کو گھر کے باہر ایک سوٹ کیس اٹھائے دیکھا گیا جو بعد میں چند گلیوں کے فاصلے پر پڑا ہوا ملا جس میں بچی کی لاش تھی۔

لڑکی کا چہرہ ٹیپ سے کور تھا اور اسکی گردن پر زخموں کے کئی نشانات پائے گئے جبکہ لاش کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔

بچی کی لاش پر ’1‘ اور ’0‘ کے اعداد درج لکھے گئے تھے تاہم پولیس کو ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ان نمبرز کا کیا مطلب ہے؟۔

پولیس نے اس واقعے کے بعد 4 افراد کو حراست میں لیا ہے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ انکا لڑکی کے قتل سے کوئی تعلق ہے یا نہیں، ان میں وہ شخص بھی شامل ہے جس نے سوٹ کیس دیکھنے کے بعد پولیس کو بلایا تھا۔

Leave a reply